ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / اُردو یونیورسٹی میں بی کام کا آغاز‘ داخلے جاری

اُردو یونیورسٹی میں بی کام کا آغاز‘ داخلے جاری

Fri, 03 Jun 2016 20:36:04  SO Admin   S.O. News Service

مدرسہ کے طلبہ کے لیے برج کورس کے ذریعہ شمولیت کا موقع

حیدرآباد3جون(آئی این ایس انڈیا)مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی میں تعلیمی سال 2016-17 کے لیے اسکول برائے تجارت و کاروباری انتظامیہ کے تحت قائم شعبہ تجارت میں مدارس کے طلبہ کے لیے برج کورس، بی کام اور ایم کام کے پروگرام فراہم کیے جارہے ہیں۔صدر شعبہ پروفیسر بدیع الدین احمد کے بموجب یونیورسٹی میں بی کام پہلی مرتبہ متعارف کیا گیا ہے۔ مدرسہ کے فارغ طلبہ کو بی کام میں داخلہ کے لیے خصوصی برج کورس بھی متعارف کیا جارہا ہے۔ان پروگراموں میں تجارت ، اکاونٹنگ و فینانس کے ابھرتے ہوئے مسائل پر توجہ مرکوز ہے جیسے اکاونٹنگ و فائنانس میں کمپیوٹر کا اطلاق، بینکنگ و انشورنس وغیرہ۔ اس کورس میں ملازمت کے مواقع کی بنیادی قوت کا احساس کرتے ہوئے اسے اس طرح تیار کیا گیا ہے کہ صنعت اور روزگار کے تقاضوں کی تکمیل ہوسکے۔اس کورس میں فائنانس و اکاونٹنگ میں تخصص بھی فراہم ہے۔  ایم کام میں داخلہ کے لیے 45 فیصد نمبروں کے ساتھ بی کام/بی بی اے/بی بی ایم/بی ایم ایس کامیاب ہونا لازمی ہے۔جبکہ کسی مسلمہ بورڈ سے انٹر میڈیٹ یامماثل امتحان میں 45 فیصد نمبروں سے کامیاب طلبہ بی کام میں داخلہ لینے کے اہل ہیں۔اس کے علاوہ دینی مدارس سے فارغ ہونے والے طلبہ کو عصری تعلیم سے جوڑنے کے ایک اہم قدم کے طورپراردویونیورسٹی نے برج (رابطہ) کورس متعارف کیا ہے۔ متعلقہ ریاستی مدرسہ بورڈ سے مسلمہ مدارس کے فارغ طلبا جو بی کام‘ بی اے‘ بی ایس سی اور پالی ٹیکنک پروگرام کرنا چاہتے ہیں برج کورس میں داخلے کے اہل ہوں گے۔ کورسز کی تفصیلات ویب سائٹ پرموجودپراسپکٹس میں دیکھی جاسکتی ہیں۔تمام پروگراموں کے لیے آن لائین درخواست فارم یونیورسٹی ویب سائٹwww.manuu.ac.in پر دستیاب ہے ۔ درخواست فارم کی قیمت 300 روپے ہے اور ایس سی /ایس ٹی/معذورین اور خواتین امیدواروں کے لیے اس کی قیمت200 روپے ہوگی۔صرف چالان اور آن لائین ادائیگی ہی قبول کی جائے گی۔چالان فارم یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ داخلے میرٹ کی بنیاد پر دیے جائیں گے۔ان کورسس میں درخواست فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ 11؍جولائی ہے۔مزید تفصیلات صدر شعبہ تجارت پروفیسر بدیع الدین احمد سے موبائل نمبر9848423435یا شعبہ میں 040-23008365 سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔ 


Share: